پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات سرکاری طور پر لینے،صنعتی ورکرز کو فلیٹس
وزیراعلیٰ پنجاب کے بڑے اقدامات ،پنجاب میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات سرکاری طور پر لینے،صنعتی ورکرز کو فلیٹس دینےاور سیلری 40 ہزار کی منظوری
پنجاب کابینہ نے صوبے میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات سرکاری طور پر لینے کی منظوری دے دی جبکہ صنعتی ورکرز کو 1282 فلیٹس دینے اور ہنر مند، نیم ہنرمند سمیت دیگر 102 زمروں میں ورکرز کی تنخواہ یکساں طور پر 40 ہزار کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں 123 نکاتی ایجنڈا پیش
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 28 ویں اجلاس میں 123 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ورکرز سے فلیٹس کی قیمت وصول کرنے کی تجویز مسترد کر دی اور صنعتی ورکرزکے لئے مزید 3 ہزار فلیٹس بنانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے فلڈ ڈیوٹی سرانجام دینے والے ریسکیو اہلکاروں کے لیے50،50 ہزار روپے انعام کا اعلان کر دیا، صوبائی کابینہ نے پنجاب میں کلاس پانچویں اور آٹھویں کے امتحانات سرکاری طور پر لینے کی منظوری دی اس کے علاوہ صوبائی کابینہ نے ملازمین کی بیوہ کو تاحیات پنشن دینے کی منظوری دے دی ۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے جیلوں میں قیدیوں کے لیے باقاعدہ انڈسٹری قائم کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ مزدوری کرنے والے قیدیوں کو اجرت بھی ملے گی، وزیراعلیٰ نے جیلوں میں مانیٹرنگ کا تھرڈ پارٹی سسٹم وضح کرنے کی ہدایت کردی
کابینہ نے پٹرول پمپس کے قیام کے لیے آن لائن ایپلی کیشن کی منظوری بھی دے دی، آن لائن اپلائی کرکے سرمایہ کار آن لائن این او سی حاصل کر سکیں گے، پنجاب میں پہلی مرتبہ ورکرز کی سیفٹی کے لیے بھی جامع رولز کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیور لائن اور تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں کی سیفٹی یقینی بنانے کا حکم دیا اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کو انفورسمنٹ فورس بنانے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی سڑکوں پر اے آئی ٹریفک مینجمنٹ سسٹم 90 دن کے اندر نافذ ہوجائے گا، مریم نواز نے سڑکوں پر ایکسل روڈ مینجمنٹ سسٹم کا فوری نفاذ یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
کابینہ اجلاس میں پنجاب کے 5 ڈویژنز میں واسا کے قیام کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے فیک خیراتی اداروں کی اسکروٹنی اور ہر چار ماہ کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں